اوکاڑہ،یوم دفاع کے موقع پر ڈی سی آفس میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب

ہفتہ 6 ستمبر 2025 16:10

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) یوم دفاع کے موقع پر ڈی سی آفس اوکاڑہ میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمدشعجین وسطرو نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

تقریب کے شرکا ء نے یادگار شہدا پر پھولوں کے گلدستے چڑھائے، شرکاء نے آگاہی واک کے بعد یوم دفاع کا کیک بھی کاٹا،ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ یوم دفاع پاکستان کی تاریخ میں ایک عظیم دن ہے، 6 ستمبر 1965 کو مسلح افواج بھارت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوئی، پاکستان کی بہادر فوج نے بھارتی افواج کا غرور خاک میں ملا دیا، پوری قوم وطن عزیز کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے، ایک مرتبہ پھر پاکستانی افواج نے وطن کا دفاع کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا، شہداء کی لازوال قربانیوں کو عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں، انشاءاللہ پاکستان اسی طرح ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔\378