کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبیﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبیﷺمذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ، اس موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ علما کرام نے سیرت پاک پر روشنی ڈالی۔ مختلف مقامات پر جلوس کا استقبال کیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ریلیوں اورجلوسوں میں نعت خوانوں نے سرورکائنات ﷺ کو گل ہائے عقیدت پیش کیا۔

جلوس میں شامل علماکرام ، مشائخ عظام ، ثناخوانان اور معاونین سمیت تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔ جلوس جب روانہ ہوا تومرحبا یا مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور لبیک یا رسول اللہ ﷺکے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا ۔ سادات کرام ، علماکرام اور مشائخ عظام کی قیادت میں جلوس کا مرکزی جلوس میاں اسماعیل مسجد، طوغی روڈ سے علامہ شہزاد عطاری ،امیر جماعت اہلسنت بلوچستان پیر سید حبیب اللہ چشتی ، مفتی صدیق القادری ، تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے ناظم اعلی حاجی ظریف رضوی، علامہ احمد رضاقادری قمبرانی ،مفتی محمد جان ،تحریک لبیک پاکستان کوئٹہ ڈویژن امیرحاجی طارق محمود عباسی ، علامہ حافظ مظہر لیاقت ، علامہ عاقل باروزئی ،قاری نورمحمد حسیننی، مفتی عبدلرازق حبیبی ،دعوت اسلامی کے افتخار عطاری ،علامہ عرفان عطاری،نعیم مدنی ،کامران مدنی کی قیادت میں جلوس برآمد ہوا جبکہ بڑا جلوس قمبرانی روڈ،سریاب روڈ سے برآمد ہوا ۔

(جاری ہے)

جلوسوں میں علماء کرام،سیاسی وسماجی رہنماء جماعت اہلسنت کے رہنماء ذوالفقارعلی طارقی،علامہ ذیشان طارقی، منیر احمد عطاری، علامہ قاضی مشتاق عطاری، فہیم سلطانی ،میرغفاررئیسانی،لالاصیغر،حافظ ابوبکر،حافظ شاہجہان سمیت ودیگرشرکاء بڑی تعداد شرکت کی۔