پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن کے زیر اہتمام یومِ دفاع کے سلسلے میں "چراغِ وطن" کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 17:30

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) پنجاب آرٹس کونسل ساہیوال ڈویژن کے زیر اہتمام یومِ دفاع کے سلسلے میں "چراغِ وطن" کے عنوان سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے چراغ جلائے گئے اور شہداء کے ورثاء کو گلدستے پیش کیے گئے۔ اس موقع پر عیدمیلادالنبی کے سلسلے میں نمائش قرآنی خطاطی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں نوجوانوں اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور شہداء پاکستان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یوم دفاع پاکستان ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس ملک کی بنیاد لاکھوں قربانیوں سے رکھی گئی اور اس کی حفاظت کے لیے ہمارے غیور سپاہیوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کو قومی دنوں کی اہمیت سے روشناس کرانا ہمارے اجتماعی شعور کی بیداری کا ذریعہ ہے اور ایسی تقریبات قومی یکجہتی کو فروغ دیتی ہیں۔ جشنِ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر آرٹس کونسل کی نمائشِ خطاطی کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ نئی نسل کو قرآنی تعلیمات اور عشقِ رسول ﷺ سے جوڑنے کی بہترین کوشش ہے۔\378