یوم دفاع ملکی تاریخ کا روشن باب ہے،پوری قوم دشمن کو شکست دینے پر شہداوغازیوں کو سلام پیش کرتی ہے،ریحان نسیم بھراڑہ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ یوم دفاع ملکی تاریخ کا روشن باب ہے،قوم عددی برتری کے باوجوددشمن کو شکست فاش دینے اور دھول چٹانے پرجنگ ستمبر 1965 کے شہداوغازیوں کو سلام پیش کرتی ہے،1965کی جنگ کے شہدا وغازی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اورہم دفاع پاک سرزمین کیلئے اپنی انمول زندگیوں کی قربانیاں پیش کرنیوالوں کے اہل خانہ کو بھی سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وہ یوم دفاع پاکستان کے سلسلہ میں اظہار خیال کررہے تھے۔اس موقع پر دیگر عہدیداران و ممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں جبکہ جنگ1965ملک کی دفاعی تاریخ کا ایک روشن باب ہے جس میں افواج پاکستان نے دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے بہادری، ہمت اور حوصلے کی لازوال داستانیں رقم کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ مادر وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی طرح کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کی طرح یوم فضائیہ بھی پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے کیونکہ7 ستمبر1965کو پاک فضائیہ نے وہ ناقابل فراموش کارنامے سرانجام دیئے جنہیں دنیا کی دفاعی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر ناز ہے جنہوں نے جنگ ستمبر کے موقع پر مکار دشمن کی فضائی طاقت کو خاک میں ملا دیا اور پاکستان کے شاہینوں نے نہ صرف جرات، شجاعت اور بہادری کی عظیم داستانیں رقم کیں بلکہ پاک فصائیہ کے جانبازوں نے فضائی حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کوعبرتناک شکست سے دوچار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اورپاک فضائیہ سمیت قوم بھی1965والے جذبے سے سرشار اور دشمن کی ہر چال کا جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ آج اسی عزم کی تجدید کا دن ہے کہ جس جذبے کا مظاہرہ جنگ ستمبر میں کیا گیا تھا اب بھی ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح اپنی ملکی وقومی سلامتی اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ارض پاکستان کی جغرافیائی ونظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر نیوالے جوانوں کو سلام پیش کرنے سمیت انکی مستقبل میں بھی کامیابیوں کیلئے دعاگو ہیں۔