گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ریلی کا انعقاد

ہفتہ 6 ستمبر 2025 18:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصوصی وائس چانسلر گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے ریلی کی قیادت کی جبکہ پرو وائس چانسلر، کوآرڈینیٹرز، ڈائریکٹرز، صدور شعبہ جات اور طالبات نے ریلی میں شرکت کی۔

شرکاسے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ چھ ستمبر مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ 1965کی جنگ پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ یہ دن ہمیں ہمارے قومی ہیروز کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے ہماری آزادی اور خودمختاری کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت استاد ہمارا کردار بھی قوم کی تعمیر اور دفاع میں کلیدی ہونا چاییے۔

نوجوان نسل کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھتے ہوئے وطن کے دفاع اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ہمارا فرض ہے کہ طالبات و طلبہ کی تربیت اس نہج پر کریں کہ وہ نہ صرف قومی جذبے سے سرشار ہوں بلکہ اپنی تاریخ اور ثقافت سے بھی روشناس ہوں۔ریلی کے شرکا نے وطن کے دفاع اور سلامتی بارے نعروں پر مبنی پوسٹر اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔ریلی کا انعقاد ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز اور شعبہ انگریزی کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔