’’یوم دفاع پاکستان‘‘ : مقبوضہ جموںو کشمیر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں

کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے ، جموں و کشمیر کے لوگ پاکستان کیساتھ الحاق چاہتے ہیں

اتوار 7 ستمبر 2025 11:45

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں یوم دفاع پاکستان پر پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تصویر والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ پوسٹر مختلف آزادی پسند تنظیموں نے وادی اور جموں خطے کے مختلف علاقوں میں چسپاں کیے ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں لکھا ہے’’ وہ وقت دور نہیں جب کشمیر آزاد ہوگا اور عوام کو ان کے حقوق ملیں گے ، بھارت جموںوکشمیر کے بارے میں اپنا مذموم ایجنڈا ترک کر کے یہاں سے نکل جائے ،کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ ایک نامکمل بین الاقوامی ایجنڈا ہے ، جموں و کشمیر کے لوگ پاکستان کیساتھ الحاق چاہتے ہیں ، بھارت نے 1965 میں پاکستان کیخلاف ننگی جارحیت کی اور کشمیری عوام اپنے مادر وطن کا بھر پور دفاع کرنے پر پاکستان کی بہادر افواج کو سلام پیش کرتے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘۔

پوسٹروں کے ذریعے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اس بیان کو سراہا گیا جس میں انہوںنے کہا ہے کہ’’ ہم حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں‘‘۔