"رحمت اللعالمین کوئز رننگ ٹرافی "پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج نے جیت لی

نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا دامن رحمت ہی ہمیں مشکلات سے نجات دلا سکتا ہے۔ ڈاکٹر نوید رب صدیقی

اتوار 7 ستمبر 2025 13:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء) نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ زندگی کے تمام شعبوں میں ہماری رہنمائی کرتی ہے۔ ان کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کے ذریعے ہی ہم اس دامن رحمت سے فیض اور اپنی تمام مشکلات سے نجات پاسکتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی اطاعت و اتباع کی سعی کرنے والے کبھی خسارے میں نہیں رہتے۔ ان تاثرات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل کالجز حکومت سندھ ڈاکٹر نوید رب صدیقی نے گذشتہ روز پاکستان کوئز سوسائٹی PQSرجسٹرڈ کے زیر اہتمام "رحمت اللعالمین کوئز رننگ ٹرافی"بین الکلیاتی و جامعاتی مقابلہ معلومات سیرت کے شرکاء سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے خاتون پاکستان گورنمنٹ گرلز کالج اسٹیڈیم روڈ کراچی میں کیا۔

تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل پروفیسر طاہرہ فیاض نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بانی چیئرمین PQSرجسٹرڈ پروفیسر حافظ نسیم الدین، زاہد احمد، پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم سعید، ڈاکٹر فیضان احمد و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ صدر نشیں پروفیسر طاہرہ فیاض نے کہا کہ کمالات، احسانات، حسن و جمال اور جاہ و مرتبہ کے باعث ہم مرعوب ہوتے اور گرویدہ ہو کر کسی کی پیروی کرتے ہیں۔

نبی مکرم ﷺ کی ذات اقدس ان صفات کے بلند ترین درجات سے مرصع تھی لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ ہم اتباع سنت کے اعتبار سے قابل فخر سطح پر نہیں ہیں۔ رحمت اللعالمین سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم اطاعت و اتباع رسول ﷺ میں مسابقت کی فضا پروان چڑھائیں۔ حافظ نسیم الدین نے کہا کہ سیرت نبوی ﷺ پر عمل ہی عشق مصطفی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ہم پر چار حقوق ہیں۔

ایمان، اطاعت، اتباع اور محبت۔ ہم نے چوتھے حق کو اولیت دے کر ترتیب بگاڑلی ہے۔ حافظ نسیم الدین نے طلبہ و طالبات سمیت حاضرین کو رحمت اللعالمین رسول عربی ﷺ کے 1500ویں یوم ولادت پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم آج ہی سے عہد کرکے تعلیمات مصطفی ﷺ کو اپنے نظام تعلیم و معاشرت کے طور پر اختیار کرلیں تو دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت نہ ہمیں روک سکتی ہے،نہ ڈرا، دھمکا کر راستہ کھوٹا کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضوراکرم ﷺ کی شخصیت کو بطور رول ماڈل اپنانے کی تین شرائط ہیں، توحید پر ایمان، آخرت پر کامل یقین اور کثرت سے رب العزت کی یاد۔ ان شرائط پر کاربند ہو کر اہی اطاعت و اتباع رسول کا مفہوم منکشف ہوتا ہے جو دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔ منصفین کرام پروفیسر حافظ ماریہ شاہ، عاقب انصاری اور محترمہ صائمہ تبسم کے متفقہ فیصلے کے مطابق پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج، گورنمنٹ ملیر کینٹ کالج، کراچی یونیورسٹی اور گورنمنٹ گرلز کالج سیکٹر الیون آئی نارتھ کراچی نے بالترتیب اول، دوم، سوم اور خصوصی پوزیشنز حاصل کیں۔ "رحمت اللعالمین کوئز رننگ ٹرافی" ایک سال کے لیے پی ای سی ایچ ایس گرلز کالج کی ٹیم کے حصہ میں آئی۔