Live Updates

اسلام آباد پولیس کی بارش سے تحفظ کیلئے ایڈوائزری

اتوار 7 ستمبر 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے شہریوں کی حفاظت کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی شدید بارشوں کی وجہ سے آئندہ چند دنوں میں اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں ممکنہ شہری سیلاب کی ریڈ الرٹ وارننگ جاری کی ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش آئندہ دنوں میں جاری رہ سکتی ہے، مکین چوکس رہیں اور زیادہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ایڈوائزری کے مطابق آئی سی ٹی پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی کہشدید بارش کے دوران غیر ضروری بیرونی نقل و حرکت سے گریز کریں۔بجلی کے کھمبوں، تاروں اور ممکنہ شارٹ سرکٹ سے دور رہیں۔پانی بھری گلیوں، نالہوں اور پہاڑی علاقوں سے محفوظ فاصلہ رکھیں۔

(جاری ہے)

اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچے بارش کے جمع پانی میں نہ کھیلیں۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر’’ پکار-15‘‘ پر کال کریں۔

چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس عوام کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پوری طرح الرٹ اور سرگرمی سے صورتحال کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نےشہریوں سے اپیل کی کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور بارش کے دوران احتیاط کے ساتھ اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی ٹی پولیس شہری اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے ساتھ مل کر جان و مال کی حفاظت کے لیے چوبیس گھنٹے نگرانی جاری رکھے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات