وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یوم فضائیہ پر پی اے ایف کے ہیروز کو شاندار خراج تحسین

اتوار 7 ستمبر 2025 15:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو یوم فضائیہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک فضائیہ (پی اے ایف) کی بے مثال جرات، قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے اسے قوم کا فخر قرار دیا۔وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 7 ستمبر 1965 کو پاک فضائیہ کے جوانوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر تاریخ کا ایک نیا باب رقم کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم 1965 کے ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے کامیابی سے ہماری فضائی سرحدوں کا دفاع کیا۔ محسن نقوی نے یاد دلایا کہ پی اے ایف نے جذبے، مہارت اور مکمل ایمان کے ساتھ دشمن کی عددی برتری کو شکست دی اور بہادری کی شاندار مثال قائم کی۔ انہوں نے خاص طور پر سکواڈرن لیڈر ایم ایم عالم کے افسانوی کارنامے پر روشنی ڈالی۔

(جاری ہے)

ایم ایم عالم نے چند لمحوں میں دشمن کے پانچ طیارے گرا کر دنیا کو دنگ کر دیا۔

حالیہ واقعات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ 1965 کی جنگ کے چھ دہائیوں بعد مئی 2025 میں پاکستان نے ایک بار پھر دشمن کا غرور خاک میں ملا دیا جب پی اے ایف کے شاہینوں نے ایک تاریخی مقابلے میں دشمن کے چھ لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس، انجینئرز اور ٹیکنیشنز قوم کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں جو عزت اور لگن کے ساتھ ملک کی فضائی حدود کی حفاظت کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی پاک سرزمین کے ان بیٹوں، ان کی عظیم قربانیوں، غیر متزلزل حوصلے اور بلند عزم پر فخر کرتا ہے۔ ان کی بہادری کی وجہ سے ہی پاکستان کی فضائی حدود محفوظ ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شاہینوں کی بے مثال خدمات اور لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔