معروف بزنس مین اور سماجی کارکن انوش احمد کا 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

اتوار 7 ستمبر 2025 15:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) معروف پاکستانی امریکن بزنس مین اور سماجی کارکن انوش احمد نے یوم دفاع پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے ہمیشہ اپنی سرحدوں کا غیر متزلزل ایمان اور بے مثال بہادری کے ساتھ دفاع کیا۔ یوم دفاع کے موقع پر انوش فائونڈیشن کی طرف سے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کےلئے ایک خصوصی فلوٹ تیار کیا گیا۔

فلوٹ کو آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر ، دیگر سروسز چیفس ، شہدا اور غازیوں کی تصاویروں سے سجایا گیا تھا۔ فلوٹ کو کراچی کے مختلف علاقوں میں گھمایا گیا۔ فلوٹ پر تحریک آزادی سے متعلق ڈاکو مینٹریز پیش کی گئیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی تقاریر ، قومی ترانے اور ملی نغمے بھی چلائے گئے جس نے فضا کو حب الوطنی کے جذبے سے معمور کردیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بچوں میں قومی پرچم کے بیجز ، کیپس ، بسکٹ، جوس کے ڈبے دیگر اشیا تقسیم کی گئیں۔ ربیع الاول کی مناسبت سے بھی بچوں میں پاکستان کے جھنڈے اور بیجز تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر فضا پاکستان زندہ باد ، پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ چھ ستمبر ہماری تاریخ کا وہ دن ہے جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ افواجِ پاکستان نے ناقابلِ تسخیر جرات اور بہادری کے ساتھ ملک کا دفاع کیا۔

آج ہر پاکستانی پر فرض ہے کہ وہ اپنے وطن کے استحکام اور ترقی کے لئے متحد ہو کر کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے 1965ء میں ہماری بہادر افواج نے بے مثال حوصلہ اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا، اسی طرح مئی 2025ء میں آپریشن "بنیان مرصوص" کے دوران ہمارے بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر بے مثال جرات اور جانفشانی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن صرف ایک یادگار نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے حوصلے اور عزم کا پیغام ہے۔

چھ ستمبر ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا سبق دیتا ہے۔ آج کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم، محنت اور کردار کے ذریعے اپنے وطن کا روشن مستقبل تعمیر کریں۔ ڈاکٹر انوش احمد نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا راز ہماری یکجہتی میں ہے۔ جب قوم ایک ہو کر آگے بڑھے گی تو کوئی طاقت ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتی۔