قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مرات نورتیلو 8 سے 9 ستمبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے، ترجمان دفتر خارجہ

اتوار 7 ستمبر 2025 16:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ مرات نورتیلو 8 سے 9 ستمبر تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو یہاں جاری بیان کے مطابق یہ اہم دورہ قازقستان کے صدر کے اس سال نومبر میں طے شدہ دورہ پاکستان سے قبل ہورہا ہے۔ قازقستان کے نائب وزیر اعظم کے ہمراہ قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ سمیت اعلیٰ سطح کا 13 رکنی وفد بھی ہوگا۔

دورے کے موقع پر زراعت اور آئی ٹی پر مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس بھی ہوں گے۔ پاکستان میں قیام کے دوران قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔

(جاری ہے)

مرات نورتیلو کی صدر مملکت اور وزیر اعظم سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ یہ بات چیت آئندہ صدارتی دورے کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور پاکستان قازقستان دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوئوں پر جامع طور پر غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔

دورے کے دوران خاص طور پر تجارت اور سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافتی اور سیاحت کے تبادلوں، علاقائی روابط اور لاجسٹکس اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون پر توجہ دی جائے گی۔ بیان کے مطابق قازقستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اور قازقستان کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں مدد دے گا۔