کلائمیٹ ایکشن فورم اور دیگر شراکت داروں کی’’ایک بیٹی، ایک شجر‘‘ شجرکاری مہم کا آغاز

اتوار 7 ستمبر 2025 16:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) کلائمیٹ ایکشن فورم (سی اے ایف)نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے وزیر اعظم پاکستان کے "ایک بیٹی، ایک شجر" اقدام کے تحت اتوار کو یہاں مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ٹریل 7 میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا۔مہم کو اہم مقامی شراکت داروں کی حمایت حاصل ہے جن میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ، کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹ اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ شامل ہیں ۔

شجر کاری مہم کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری کا فروغ اور درخت لگانے کے اقدامات کے ذریعے کمیونٹی کی فعال شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔سی اے ایف کے مطابق مہم کے دوران 100 مقامی درختوں کے پودے لگا کر ٹریل 7 پر ایک خراب شدہ پیچ کو بحال کیا گیا۔

(جاری ہے)

مہم میں شرکاء میں طلباء، اکیڈمیا، حکومتی نمائندے، این جی اوز، آئی این جی اوز، رورل سپورٹ پروگرام اور تمام سی اے ایف ممبر تنظیمیں شامل ہیں جو باہمی تعاون پر مبنی آب و ہوا کی بہتری کی حقیقی روح کی عکاسی کرتی ہے۔

تقریب میں چیئرپرسن سی اے ایف ڈاکٹر رومی ایس حیات اور اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ڈائریکٹر سخاوت علی سمیت دیگر شریک تنظیموں کے سینئر ایگزیکٹوز شریک تھے جن کی شرکت نے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کو بحال کرنے میں اجتماعی ذمہ داری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔