چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کا یوم فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین

اتوار 7 ستمبر 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے یوم فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں کو خراجِ تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے 2019 کے بالاکوٹ بحران کے دوران ملک کے محافظ کے طور پر بہادری اور مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

بی آئی ایس پی سے جاری بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا تیز اور فیصلہ کن جواب پی اے ایف کی صلاحیتوں کو ظاہر کرتا ہے،پاک فضائیہ کی خودمختاری ملک کے دفاع کے لیے ان کےعزم کا ثبوت ہے، پی اے ایف کی تاریخ بہادری اور قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی علمبردار لیڈر نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا،شہید محترمہ نے ملک کی میزائل ٹیکنالوجی کو آگے بڑھایا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پی اے ایف کی بہادری پاکستان کی عوام میں فخر اور تحفظ کے احساس کو ابھارتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں پاکستان کے شاہینوں نے بھارت کو 0-6 سے بری طرح شکست دے کر دنیا کے سامنے فتح کی نئی مثال قائم کی، میں پاکستان ایئر فورس کے شاہینوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔