رواں سال کے پہلے 8ماہ ،صوبے کی کوئلہ کانوں میں مختلف حادثات ،51کان کن لقمہ اجل بن گئے

اتوار 7 ستمبر 2025 17:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء) بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں حادثات کا سلسلہ رک نہ سکا رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران صوبے کی کوئلہ کانوں میں ہونے والے مختلف حادثات میں 51کان کن لقمہ اجل بن گئے جبکہ تیس سے زائد کان کن زخمی بھی ہوئے۔

(جاری ہے)

محکمہ معدنیات کے اعداد وشمار کے مطابق بلوچستان کی کوئلہ کانوں میں جنوری سے اگست تک آٹھ ماہ کے دوران زہریلی گیس بھرنے ،گیس دھماکے،تودہ گرنے اور ٹرالی لگنے کے واقعات میں 51کان کن جاں بحق جبکہ تیس زخمی بھی ہوئے ،صوبے کے اضلاع کوئٹہ ،دکی ،ہرنائی کی کوئلہ کانوں میں رواں سال زیادہ حادثات رونما ہوئے ۔

اعداد و شمار کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سنجیدی میں رواں سال نو جنوری گیس بھر جانے کے باعث ہونے والے دھماکے میں بارہ کان کن جان بحق ہوئے تھے ۔تحقیقاتی کمیٹی نے اس واقعہ کی ذمہ دار کوئلہ کان کے مالک اور ٹھیکیدار کو قرار دیا تھا۔دوسری جانب پاکستان کول مائینزلیبرفیڈریشن بلوچستان کے رہنما وں نے کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات یقینی بنانے اور کوئلہ کانوں کا روزآنہ کی بنیاد پر معائنہ کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔