آئی جی پنجاب سے انٹرنیشنل پولیس کوآپریشن اٹلی کے سربراہ میجر جنرل لوئیگی لینڈولی کی ملاقات، انفارمیشن شیئرنگ اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال

اتوار 7 ستمبر 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے انٹرنیشنل پولیس کوآپریشن اٹلی کے سربراہ میجر جنرل لوئیگی لینڈولی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دہشت گردی، منشیات و ہیومن سمگلنگ اور ٹریفیکنگ کی سرکوبی کے لئے اٹالین پولیس اور پنجاب پولیس کے درمیان انفارمیشن شیئرنگ اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اٹالین اور پنجاب پولیس کے مابین کریمنلز انفارمیشن شیئرنگ، پولیس و ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے دو طرفہ تجربات سے استفادہ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سینئر پولیس افسران نے وفد کو پنجاب پولیس کی آئی ٹی بیسڈ جدید ایپلی کیشنز، سسٹمز اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

وفد کو رائٹ مینجمنٹ پولیس، سی ٹی ڈی، میثاق سنٹرز، سی سی ڈی سمیت پبلک سیفٹی اور سکیورٹی کے جدید اقدامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر اٹالین اور پنجاب پولیس کے افسران کی ٹریننگ کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ پر بھی اتفاق رائے ہوا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین، بچوں، ٹرانسجینڈرز اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشنز، ورچوئل سنٹرز برائے چائلڈ سیفٹی اور تحفظ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔اٹالین پولیس سربراہ نے پبلک سروس ڈلیوری میں جدت، آرگنائزڈ کرائم اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور اٹالین پولیس سربراہ کے مابین یادگاری شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔وفد میں اٹالین ریجنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیٹر بریگیڈیئر جنرل سلویٹورے لاباربیرا، اٹالین اسٹیٹ پولیس اسپیشل فورسز کے سربراہ کرنل مارکو مونٹیلینو، بارڈر پولیس اینڈ امیگریشن اٹلی کے سربراہ کرنل روبرٹو میٹائی، انٹرنیشنل پولیس آپریشنز کے سربراہ لیفٹیننٹ کرنل روبرٹو ٹیسورینو، پاکستان کے لئے اٹالین پولیس کے رابطہ افسر لیفٹیننٹ کرنل کونسٹین ٹینو سکودیری اور لاہور میں اٹلی کے اعزازی قونصل فہد اقبال شامل تھے۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جی رائٹ مینجمنٹ پولیس، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، اے آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ایڈمن، اے آئی جی ڈسپلن سمیت سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔