ایشیا سوسائٹی نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو "ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ" کیلئے منتخب کر لیا

اتوار 7 ستمبر 2025 19:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 ستمبر2025ء) پاکستانی خاتون پولیس افسر اے ایس پی شہربانو نقوی نے شاندار اعزاز اپنے نام کر لیا۔ ایشیا سوسائٹی نے انہیں 2025 کی کلاس میں ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ کے لئے منتخب کیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ اور سسٹم میں مثبت تبدیلی کے لئے گراں قدر خدمات پر دیا گیا ہے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن فیلوشپ کے لئے خطے کے 27 ممالک سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 30 افراد کا انتخاب کیا گیا جن میں اے ایس پی شہربانو نقوی پاکستان بھر کی نمائندگی کریں گی۔

قابل ذکر امر یہ ہے کہ اے ایس پی شہربانو نقوی پاکستان کی تاریخ میں پہلی خاتون پولیس افسر ہیں جنہیں اس منفرد اعزاز کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایشیا 21 نیکسٹ جنریشن سمٹ رواں سال 5 تا 7 دسمبر فلپائن کے شہر منیلا میں منعقد ہوگی جہاں منتخب خواتین و مرد اپنے اپنے معاشروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے عملی تجاویز پیش کریں گے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اے ایس پی شہربانو نقوی کو دنیا بھر میں پاکستان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کرنے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے افسران کی عالمی سطح پر پذیرائی پاکستان پولیس سروس کے لئے فخر کی بات ہے۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ اے ایس پی شہربانو نقوی جیسی باصلاحیت افسران مستقبل میں پولیس لیڈر شپ میں اہم کردار ادا کریں گی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایشیا سوسائٹی خطے میں سماجی خدمات کے حوالے سے ایک وسیع، موثر اور پروفیشنل ادارہ ہے جو ہر سال اپنے اپنے شعبوں میں تعمیر و ترقی اور قائدانہ کردار ادا کرنے والی شخصیات کا انتخاب کرتا ہے۔ ایشیا سوسائٹی خطے میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے تحفظ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے نظریہ پر کاربند ہے۔