دہشت گردی کیخلاف قوم ایک ،کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی،عوام شٹرو پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنائیں، آل پارٹیز ہزارہ کے رہنمائوںکا اجلا س سے خطاب

اتوار 7 ستمبر 2025 20:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 ستمبر2025ء) آل پارٹیز ہزارہ کے رہنماؤں نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ آج کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور اپنے اتحاد و یکجہتی سے یہ واضح پیغام دیں کہ دہشت گردی کے خلاف قوم ایک ہے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی کونسلر نعمت مظہر ہزارہ، نیشنل پارٹی کے ممبر سینٹرل کمیٹی ڈاکٹر رمضان ہزارہ، مجلس وحدت المسلمین کے رہنماء حاجی غلام حسین، مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری، پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی ہزارہ ٹاؤن کے سیکرٹری عبدالعزیز اچکزئی، ہزارہ ورکزز فورم کے رہنماء ایڈوکیٹ محمود کاظمی، اتحاد تاجران بلوچستان ہزارہ ٹاؤن یونٹ کے صدر محمدی، پی ٹی آئی کے رہنماء اختر جعفری، نیشنل پارٹی کے ثناء کھیازئی و دیگر رہنماؤں نے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہڑتال نہ صرف شہداء کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے بلکہ حکمرانوں اور پالیسی سازوں کو یہ باور کرانے کا موقع بھی ہے کہ عوام مزید خونریزی اور امن دشمن قوتوں کو برداشت کرنے کیلئے تیار نہیں۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ 2 ستمبر کو شاہوانی سٹیڈیم سریاب روڈ پر راہشون سردار عطاء اللہ خان مینگل کی برسی کے بعد جلسہ گاہ کے باہر ایک دہشت گردانہ خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 17 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جبکہ 40 سے زیادہ معصوم لوگ زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ محض متاثرہ خاندانوں کا المیہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے زخم پر نمک پاشی کے مترادف ہے، اس سفاکانہ واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور آل پارٹیز ہزارہ شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔