Live Updates

ہلالِ احمرپاکستان کی سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل

پیر 8 ستمبر 2025 15:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) ہلالِ احمرپاکستان نے اپنے سٹیک ہولڈر اور موومنٹ پارٹنر کے اشتراک سے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کردی۔اس حوالے سے نیشنل ہیڈکوارٹرز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تباہ کن مون سون سیزن کا سامنا کررہا ہے، اَمسال بھی بارشوں نے ایسے بحران کو جنم دیا ہے جو وسیع انسانی ہمدردی کا متقاضی ہے، تمام متاثرہ علاقوں میں ہلالِ احمر پاکستان کی ٹیمیں موجود ہیں، متاثرین کو کھانا، عارضی پناہ گاہیں، خشک راشن، طبّی سہولیات اور ضروری امدادی سامان فراہم کیا ہے، موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی مصروف ِ عمل ہیں، پینے کے صاف پانی کے جدید ترین پلانٹس روزانہ کی بنیاد پر پانی فراہم کررہے ہیں، ہمیں آپ سب سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے اپنے موومنٹ پارٹنرز، سٹیک ہولڈرز اورانٹرنیشنل فیڈریشن، انٹرنیشنل کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ ہلالِ احمر پاکستان ہنگامی رسپانس اور ابتدائی بحالی کے کاموں کا آغاز کررہا ہے۔ اپیل کا مقصد متاثرہ علاقوں میں ریسپانس کو بڑھانا ہے جس کیلئے ضروری وسائل کو متحرک کرنا ہے۔اِس سے قبل سیکرٹری جنرل ہلال ِاحمر پاکستان محمد عبیداللہ خان نے افتتاحی کلمات میں ہلالِ احمر پاکستان کی متاثرہ علاقوں میں جاری سرگرمیوں کے متعلق بتایا۔

انہوں نے کہا کہ اہم تنظیم ہونے کی حیثیت سے ہلالِ احمر پاکستان اپنی استطاعت کے مطابق سیلاب متاثرین کی خدمت کررہا ہے۔ خدمت کے اِس سفر کو وسعت دینے کے لئے شراکت داروں ، انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس، انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس سے مزید تعاون کی اپیل ہے۔اِ س موقع پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر بنائی گئی ڈاکومنٹری بھی دِکھائی گئی۔

تقریب سے انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈکراس اینڈ ریڈکریسنٹ کے پاکستان میں ہیڈآف ڈیلیگیشن فرید عبدالقادر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں امریکی سفارتخانہ کی مندوب، مختلف ممالک کے سفرا ، ترکش ریڈکریسنٹ کی سربراہ بیضا، جرمن ریڈکراس کے آصف امان، نارویجن ریڈکراس کے افتخار علیار، سول سوسائٹیز کی شخصیات اور ہلالِ احمرپاکستان کے رضاکار وسٹاف بھی موجود تھا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات