باغ ،کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ کا نظریہ ۔ 22 ستمبر کو باغ میں پاکستان زندہ باد کنونشن منعقد کیا جائے گا

پیر 8 ستمبر 2025 16:59

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2025ء) سابق وزیر اعظم و صدر مسلم کانفرنس آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان، وزیر حکومت سردار میر اکبر خان، صدر جمعیت علمائے جموں کشمیر مولانا امتیاز احمد صدیقی اور امیر جمعیت اہلِ حدیث پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 ستمبر کو باغ میں پاکستان زندہ باد کنونشن منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان کا مطلب کیا، لا الہ الا اللہ کا نظریہ ہی تحریکِ آزادی کی بنیاد ہے۔ تمام دینی، سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اس تاریخی کنونشن میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔قائدین نے کہا کہ آزاد کشمیر تحریک آزادی کا بیس کیمپ ہے اور یہاں انتشار یا افرا تفری کی کوئی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

احتجاج حق ہے مگر ریاستی اداروں، قومی قیادت یا آزاد کشمیر کے آئینی ڈھانچے کے خلاف زبان درازی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 22 ستمبر کا کنونشن کشمیر کی تحریک اور پاکستان سے والہانہ وابستگی کی تجدید کا دن ہوگا جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔قائدین نے اس موقع پر تحریک آزادی کشمیر کے بانی رہنماؤں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدِ اوّل سردار عبدالقیوم خان اور غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان نے تحریک آزادی میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان عظیم رہنماؤں نے مشکل حالات، سخت دور اور ہر طرح کے دباؤ کے باوجود تحریک کو پاکستان زندہ باد اور ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے نعرے سے وابستہ رکھا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے لیے اپنی جان، مال اور عزت کی قربانیاں دیں اور تاریخ گواہ ہے کہ تحریک آزادی کا ہر دور پاکستان سے لازوال محبت اور ایثار کی داستان سناتا ہے۔ کشمیری عوام آج بھی اس عزم پر قائم ہیں کہ پاکستان ہی ان کی منزل ہے۔\378