پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن پنجاب کے زیر اہتمام بچوں کی صحت کے موضوع پر 23 سال بعد تاریخی کانفرنس

منگل 9 ستمبر 2025 00:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن پنجاب کے زیر اہتمام بچوں کی صحت کے موضوع پر 23 سال بعد ایک تاریخی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب فیصل آباد کے سرینا ہوٹل میں منعقد ہوئی۔کانفرنس کی چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ تھیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر معزز مہمانوں کی حیثیت سے ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر ساجد مقبول، ڈاکٹر حما ارشاد چیمہ، ڈاکٹر مسعود صادق، ڈاکٹر طاہر مسعود، ڈاکٹر شازیہ مقبول، ڈاکٹر راشد نواز، ڈاکٹر اشرف سُلطان، ڈاکٹر خواجہ محمد ارشد، ڈاکٹر زاہد محمود، اور ڈاکٹر نگینہ شہزادی نے شرکت کی ۔ملک بھر سے تعلق رکھنے والے معروف طبی ماہرین نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس میں بچوں میں پائی جانے والی عام صحت کے مسائل جیسے کہ دل کے امراض، نظامِ ہاضمہ کے مسائل، نو مولود بچوں کی پیچیدگیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ نیز، بچوں کی صحت پر غذائیت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ماہرین نے زور دیا کہ بچوں کی صحت کی بہتری اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ابتدائی تشخیص، مناسب علاج اور متوازن غذائیت انتہائی اہم ہیں۔