فیصل آباد میں ہونے والی شدید بارش نے 30سالہ ریکارڈ توڑدیئے

منگل 9 ستمبر 2025 00:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) فیصل آباد میں ہونے والی شدید بارش نے 30سالہ ریکارڈ توڑ دیئے۔ شہر میں مجموعی طور پر184 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد نکاسی آب کے لئے ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں ہنگامی بنیادوں پر متحرک ہوگئیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر خود فیلڈ میں نکل آئے اور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔

مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایم ڈی واسا نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ غلام محمد آباد میں سب سے زیادہ184 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ علامہ اقبال کالونی میں 175 ملی میٹر،گلستان کالونی میں 170 ملی میٹر، جیل روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں 167 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈوگر بستی اور مدینہ ٹاؤن میں 154، 154 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

بارش شروع ہوتے ہی تمام پونڈنگ پوائنٹس پر مشینری کو فوری طور پر فعال کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سرگودھا روڈ پر واسا ڈسپوزل اسٹیشن، سول لائن، مدینہ ٹاؤن، سمن آباد، جھنگ روڈ اور غلام محمد آباد سمیت مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گلی محلوں میں بھی جاکر بارش کے پانی کے اخراج کے عمل کو چیک کیا اور موقع پر کھڑے ہو کر نکاسی آب کی براہ راست نگرانی کی۔

ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) ندیم ناصر نے ہدایت دی کہ فوری طور پر مشینری لگا کر بارشی پانی کے اخراج کو یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر تمام عملہ ہائی الرٹ رہا اور ڈسپوزل اسٹیشن فل کیپسٹی پر فعال رکھے گئے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نکاسی آب میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اہم شاہراؤں اور مرکزی چوراہوں کو بارشی پانی سے فوری طور پر کلیئر کیا جا رہا ہے جبکہ نکاسی آب مکمل ہونے تک ضلعی انتظامیہ اور واسا ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں گی۔