Live Updates

ملتان میں 5 بچوں کی ماں کا 14 برس میں پائی پائی جوڑ کر بنایا گھر سیلابی ریلا بہا کر لے گیا

یہ بھی معلوم نہیں جب سیلاب کا پانی اُترے گا تو اپنی بچیوں کو لے کر کہاں جاؤں گی، اگر کچھ ملنا ہو گا تو یہیں مل جائے گا، ورنہ کوئی بات نہیں، ہم یہیں بیٹھے رہیں گے؛ صغریٰ مائی کی دُکھ بھری گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 9 ستمبر 2025 12:43

ملتان میں 5 بچوں کی ماں کا 14 برس میں پائی پائی جوڑ کر بنایا گھر سیلابی ..
ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 ستمبر2025ء ) صوبہ پنجاب میں جاری بدترین سیلاب کے دوران ملتان میں 5 بچوں کی ماں کا 14 برس میں پائی پائی جوڑ کر بنایا گھر سیلابی ریلا بہا کر لے گیا۔ دنیا نیوز کے مطابق ملتان کا مضافاتی علاقہ لنگڑیال دریائے چناب کے سیلابی ریلے کے باعث مکمل طور پر زیر آب آچکا ہے جہاں تقریباً 700 گھرانے حفاظتی بند پر سیلاب سے بچ جانے والے کچھ سامان کے ساتھ موجود ہیں، سیلاب سے متاثرہ یہ لوگ چارپائیاں بچھائے بیٹھے سامنے اپنے گھروں کو حسرت سے دیکھ رہے ہیں جن میں سے اکثر پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اسی بند پر چار بیٹیوں اور ایک بیٹے کی ماں صغریٰ مائی بھی موجود ہیں جنہوں نے 14 برس میں پائی پائی جوڑ کر اپنا گھر بنایا تھا لیکن ان کا یہ گھر سیلابی ریلا اپنے ساتھ بہا کر لے گیا، صغریٰ مائی کا کہنا ہے کہ یہ بھی معلوم نہیں جب سیلاب کا پانی اُترے گا تو اپنی بچیوں کو لے کر کہاں جاؤں گی، ابھی تو میں اپنے دو بچوں اور خاوند کے ساتھ یہان ایک خیمے میں ہوں اور میری بیٹیوں کو دوسرے خیمے میں بھیج دیا گیا ہے، اگر کچھ ملنا ہو گا تو یہیں مل جائے گا، ورنہ کوئی بات نہیں، ہم یہیں بیٹھے رہیں گے، ابھی تو یہاں بند پر موجود جانوروں کو بھی چارہ چاہیئے جو دستیاب نہیں ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ کچھ لوگوں نے بند پر بارش اور دھوپ سے بچنے کیلئے اپنی مدد آپ کے تحت خیمے لگائے ہیں جب کہ وہاں قریب کیے جانے والے حکومتی اقدامات کے تحت اتنے ریلیف کیمپس نہیں لگائے گئے جہاں بند پر بیٹھے سارے لوگ جاسکیں، ملتان کے دیگر مضافاتی علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے، ان لوگوں کے قریب ہی حکومت کی جانب سے قائم کئے گئے ریلیف کیمپ کے باوجود یہ لوگ کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں اور یہاں اُنہیں کوئی امداد بھی نہیں مل رہی، متاثرہ علاقہ لنگڑیال کے ایک رہائشی محمد اختر نے بتایا کہ سیلاب میں ڈوبے گھروں سے کوئی سریا اُٹھا کر لے جاتا ہے تو کوئی اینٹیں چرا لیتا ہے، ہم یہاں لانے والے سامان کی بھی حفاظت کرتے ہیں اور سیلاب میں ڈوبے گھروں پر بھی نظر رکھتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات