باغ ،عقیدہ ختم نبوت ﷺ ایمان کی اساس اور مسلمانوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،چیئرمین علما مشائخ کونسل آزاد کشمیر

منگل 9 ستمبر 2025 18:57

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) علما مشائخ کونسل آزاد کشمیر کے چیئرمین مولانا امتیاز احمد صدیقی نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ ایمان کی اساس اور مسلمانوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی نبوت کے منکر دائرہ اسلام سے خارج ہیں اور ان کا مذہب اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ 7 ستمبر اسلامی تاریخ کا وہ روشن اور سنہری دن ہے جب ذوالفقار علی بھٹو نے قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کا تاریخی فیصلہ کیا۔

یہ فیصلہ پاکستان اور پوری امت مسلمہ کی عظیم کامیابی اور ایک ناقابلِ فراموش فتح تھی، حضور اکرم ﷺ کی آمد سے دنیا کے اندھیرے چھٹ گئے، بچیوں کو زندگی کا حق ملا، والدین کو عزت ملی، پڑوسیوں کے حقوق کا تحفظ ہوا اور غریبوں کو انصاف ملا۔

(جاری ہے)

آپ ﷺ کی تعلیمات قیامت تک کے لیے انسانیت کی رہنمائی کرتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پدر گلشیر میں عظیم الشان محفل میلاد مصطفیٰ کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا کانفرنس سے مولانا زیشان رضا،مولانا عثمان اسلم،پیر لیاقت گیلانی،مفتی عثمان،حافظ راشد،طاہر زمان،ودیگرنے بھی خطاب کیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا زیشان رضا،مولانا عثمان اسلم نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ دراصل حضور ﷺ سے عقیدت، محبت اور آپ کے پیغام کو عام کرنے کا دن ہے۔

ہمیں چاہیے کہ ہم صرف جلوس اور چراغاں تک محدود نہ رہیں بلکہ حضور ﷺ کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں، تاکہ معاشرہ حقیقی معنوں میں عدل، مساوات اور بھائی چارے کا گہوارہ بن سکے۔انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ﷺ کے تحفظ کے لیے پوری قوم ہمیشہ ایک صف میں کھڑی رہی ہے اور رہے گی، کیونکہ یہی ایمان کی بنیاد اور امت مسلمہ کا سرمایہ ہے،انہوں نے مزید کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ دراصل حضور ﷺ سے عقیدت، محبت اور آپ کے پیغام کو عام کرنے کا دن ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود ارشاد فرمایا ہے کہ نبی اکرم ﷺ کی ولادت اور ان کی آمد کی خوشی منانا مسلمانوں کے لیے باعثِ اجر و ثواب اور ایک عظیم دین ہے۔ یہی خوشی امتِ مسلمہ کے ایمان اور محبتِ رسول ﷺ کی حقیقی علامت ہے۔\378