پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ

منگل 9 ستمبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ سے میر عبدالمجید دادے خان کھوسہ، میر حاجی زین العابدین کھوسہ سمیت دیگر معززین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صحبت پور کے عوامی مسائل اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور صحبت پور سمیت صوبے کے پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، خصوصاً صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحبت پور کے عوام نے ہمیشہ مسلم لیگ (ن)پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس اعتماد کو عوامی خدمت اور عملی اقدامات سے پورا کیا جائے گا۔ ملاقات کرنے والے معززین نے میر سلیم احمد کھوسہ کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت علاقے کے دیرینہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔