کے الیکٹرک کی لوڈشیڈنگ محافل میلاد کے تقدس پر حملہ ہے، سلیم خاں قادری ترابی

محافلِ میلاد النبی ﷺ اور دیگر دینی اجتماعات کے دوران بجلی کی بندش ناقابلِ برداشت ہے

منگل 9 ستمبر 2025 19:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)اہلسنت حنفی بریلوی مساجد کی انتظامی کمیٹیوں کے اراکین، میلاد شریف کا اہتمام کرنے والی نمائندہ تنظیمات و شخصیات پر مشتمل مرکزی میلاد الائنس کے بانی چیف آرگنائزر،مرکزی انجمن سیرت النبی گلبہار رجسٹرڈ کے تاحیات چیئرمین اور ممتاز قومی و سماجی رہنما محمد سلیم خاں قادری ترابی نے کے الیکٹرک کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور عوامی شکایات کو مسلسل نظرانداز کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ روش اہلسنت حنفی بریلوی عوام کے ساتھ کھلی زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محافلِ میلاد النبی ﷺ اور دیگر دینی اجتماعات کے دوران بجلی کی بندش ناقابلِ برداشت ہے۔ یہ وہ مقدس اجتماعات ہیں جن میں لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ عقیدت و محبت کے ساتھ شریک ہوتے ہیں، لیکن بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نہ صرف عوام کو مشکلات میں مبتلا کرتی ہے بلکہ ان محافل کے تقدس کو بھی مجروح کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی نہ ہونے کے باعث عوام کو گرمی اور حبس میں اذیت برداشت کرنی پڑتی ہے، بچے اور بزرگ بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، گھریلو زندگی مفلوج ہو گئی ہے، کاروبار بری طرح متاثر ہیں اور تعلیمی سرگرمیاں بھی رکاوٹ کا شکار ہیں۔

خاص طور پر دینی اجتماعات کے دوران اندھیرے اور گرمی سے عوام کی اذیت دوگنی ہو جاتی ہے، جبکہ مساجد و میلاد گاہوں میں پنکھے اور لائٹ نہ ہونے سے ماحول بے سکونی کا شکار ہو جاتا ہے۔محمد سلیم خاں قادری ترابی نے کہا کہ اہلسنت حنفی بریلوی عوام پہلے ہی معاشی دبا اور بڑھتے ہوئے مسائل سے دوچار ہیں، ایسے میں دینی اجتماعات کے وقت بجلی بند کرنا ان کے مذہبی و سماجی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے اسے عوام دشمن اور متعصب رویہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور نوٹس لے اور کے الیکٹرک کو پابند کرے کہ بالخصوص محافلِ میلاد اور مذہبی اجتماعات کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کے الیکٹرک کی روش نہ بدلی گئی اور عوامی شکایات کو نظر انداز کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو اہلسنت عوام اور تنظیمات احتجاج پر مجبور ہوں گی اور اس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں اور حکومت پر عائد ہوگی۔