پی ٹی آئی انتہا پسند جماعت،اڈیالہ جیل کے باہر صحافیوں پر تشدد اس کی تازہ ترین مثال ہے،راجہ خلیق الزمان انصاری

منگل 9 ستمبر 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) ترجمان وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات (حکومت پاکستان) برائے سندھ راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک انتہا پسند جماعت ہے جس کا جمہوری سیاست سے کوئی تعلق نہیں، یہ اقتدار میں ہوں یا اپوزیشن میں، اپنے ناقدین کو ہمیشہ گالم گلوچ، دھمکیوں اور تشدد سے جواب دیتے ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے صحافیوں پر تشدد اس کی تازہ ترین مثال ہے۔ صحافی طیب بلوچ پر ہاتھا پائی اور اعجاز احمد سمیت دیگر صحافیوں کے ساتھ بدسلوکی صرف اس لیے کی گئی کہ انہوں نے علیمہ خان سے ان کی جائیدادوں سے متعلق سوال کیا۔ یہ عمل آزای صحافت پر حملہ اور سچ کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔

(جاری ہے)

راجا خلیق الزمان انصاری نے کہا کہ وہ اس بزدلانہ حرکت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور متاثرہ صحافیوں کے ساتھ اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ آزادی صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، صحافی عوام کے حقِ جانکاری کے محافظ ہیں، ان پر حملہ دراصل عوام پر حملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت کے اصول پر مکمل یقین رکھتی ہے اور صحافیوں کو یقین دلاتی ہے کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ سچائی کا ساتھ دینا ہی قوم کو ترقی کی طرف لے جا سکتا ہے اور ہم اس راستے پر ڈٹے رہیں گے۔