قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان خطے کی معاشی ترقی کیلئے بے پناہ امکانات رکھتا ہے،بلال خان کاکڑ

منگل 9 ستمبر 2025 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 ستمبر2025ء)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بیجنگ میں منعقدہ پاک چائنا بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے۔ اس کانفرنس کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھائے گئے۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 8 ارب 50 کروڑ ڈالر مالیت کے 21 مشترکہ منصوبوں اور مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر باضابطہ دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے توانائی، معدنیات، زراعت، بنیادی ڈھانچے، لاجسٹکس، ٹیکنالوجی اور صنعت و تجارت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے در وا کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والی متعدد چینی کمپنیوں نے بالخصوص بلوچستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال بلوچستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کی معاشی ترقی کے لیے بھی بے پناہ امکانات رکھتا ہے۔ چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے صوبے میں روزگار کے مواقع، صنعتی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں کو نئی رفتار ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور حکومت پاکستان سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔