چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت، مسلم ممالک کے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور

منگل 9 ستمبر 2025 22:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی سنگین جارحیت قرار دیا ہے۔منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ بزدلانہ اور کھلی جارحیت نہ صرف قطر کی خودمختاری کے خلاف ہے بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی بھی ہے، بالخصوص آرٹیکل 2(4) کی جو کسی ریاست کی علاقائی سالمیت یا سیاسی خودمختاری کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کو ممنوع قرار دیتا ہے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دوحہ پر حملہ قطر کی خودمختاری پر حملہ ہونے کے ساتھ ساتھ خلیجی خطے کو غیر مستحکم کرنے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی ایک خطرناک کوشش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے یہ معاندانہ اقدامات ایک بار پھر اس کی بین الاقوامی قوانین اور انسانی اصولوں سے بے حسی اور بے اعتنائی کو بے نقاب کرتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ مسلم ممالک کو متحد ہو کر اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک جامع اور موثر حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی تاکہ مسلم امہ کے اجتماعی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی خلاف ورزیاں صرف فلسطین تک محدود نہیں رہیں جہاں وہ معصوم شہریوں پر سنگین انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہا ہے بلکہ اب یہ خطرات پورے خطے تک پھیلتے جا رہے ہیں جو عالمی استحکام کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیل کی ان جارحانہ کارروائیوں کا نوٹس لے اور عملی اقدامات کرے تاکہ مزید تباہی کو روکا جا سکے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ دنیا اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، علاقائی امن کو نقصان پہنچانے اور بے گناہ انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے پر خاموش نہیں رہ سکتی۔