برطانیہ کا یوکرین کے لیے 2.7 ارب ڈالر عسکری امداد کا اعلان

بدھ 10 ستمبر 2025 09:40

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) برطانیہ نے یوکرین کے لیے 2 ارب پاؤنڈ ( 2.7 ارب امریکی ڈالر)عسکری امداد مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، یہ برطانیہ کی سربراہی میں قائم ایک عالمی فنڈ کے ذریعے یوکرینی مسلح افواج کی فوری ضروریات کے لیے دی جائے گی۔ تاس کے مطابق یہ اعلان برطانیہ کے وزارت دفاع کی جانب سے لندن میں ریمسٹائن فارمیٹ کے تحت منعقدہ 30ویں اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں 50 ممالک نے شرکت کی۔

اجلاس میں برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی، جرمنی کے بورس پسٹوریوس، یوکرین کے وزیر اعظم ڈینیس شمگال اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک رٹے بھی شریک تھے۔وزارت دفاع کے بیان کے مطابق اس امداد کا مقصد یوکرین کی فوج کواہم اور ترجیحی عسکری ساز و سامان فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکے۔

(جاری ہے)

جان ہیلی نے بتایا کہ بین الاقوامی فنڈ برائے یوکرین (آئی ایف یو ) نے اب تک 1,000 سے زائد ایئر ڈیفنس سسٹمز، 600 سے زیادہ ڈرونز، الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز اور ایئر ڈیفنس ریڈار سٹیشنز کیف پہنچا دیے ہیں، مزید ہتھیاروں اور ساز و سامان کی فراہمی آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے۔

یہ امداد یوکرین کی سلامتی کو مضبوط بنانے کے عالمی کوششوں کا حصہ ہے جو روس کے ساتھ تنازعے کے دوران یوکرین کی دفاعی استعداد بڑھانے کے لیے دی جا رہی ہے۔