قطر میں اسرائیلی فضائی حملہ ناقابل قبول ہے، جرمنی

بدھ 10 ستمبر 2025 10:50

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) جرمنی نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ شنہوا کے مطابق یہ بات جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے گزشتہ روز امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ فون کال کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

جرمن وفاقی حکومت کے مطابق فریڈرک مرز نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی فضائی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ پر اسرائیلی فضائی حملہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہے اور یہ ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کو پورے خطے تک نہیں پھیلانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ جرمن حکومت صورتحال کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ جرمن وزیر خارجہ جوہان وڈے فل نے بھی اسرائیل کے حملے کو ’’ناقابل قبول ‘‘ قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس سے یرغمالیوں کی رہائی کے لئے ہونے والے مذاکرات کو خطرہ لاحق ہو گا۔ انہوں نے پریس بیان میں یرغمالیوں خاص طور پر جرمن شہریوں کی زندگی اور حفاظت کے لئے تشویش کا اظہار کیا۔ ■