پی ٹی آئی رہنما سمیت 6 ملزمان سینٹرل جیل پشاور پر حملہ کیس میں بری

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیصلہ سنادیا، استغاثہ ملزمان کے خلاف شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی، فیصلہ

بدھ 10 ستمبر 2025 11:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پشاور سینٹرل جیل پر حملے کے مقدمے نامزد پی ٹی آئی کے رہنماعرفان سلیم سمیت 6ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پرمقدمے سے بری کردیا ہے۔پشاور سینٹرل جیل پر حملے کے مقدمے کی سماعت اے ٹی سی جج ولی محمد نے کی۔استغاثہ نے ایک بار پھر ملزمان عرفان سلیم،سجاد بنگش، علامہ اقبال، صدیق، محمد جلال اور عصمت اللہ پر سینٹرل جیل پشاور پر مبینہ حملے کا الزام دہراتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے اس دوران اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی تھی۔

(جاری ہے)

عدالت کو استغاثہ نے بتایا کہ واقعہ 24 فروری 2024 کو پیش آیا تھا جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔دوسری جانب ملزمان کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف دہشتگردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا حالانکہ ان کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں لہٰذا ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر مقدمے سے بری کیا جائے۔انہوں نے بتایاکہ ان کے موکلوں کے خلاف سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے کیونکہ ملزمان اس وقت جیل بھرو تحریک چلا رہے تھے۔عدالت نے مقدمہ کی سماعت مکمل ہونے اور جرم ثابت نہ ہونے پر تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کردیا ہے۔