پی ٹی آئی نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا،ن لیگ کے دور میں پاکستان ترقی کررہا ہے،ڈاکٹر لیاقت علی خان

بدھ 10 ستمبر 2025 14:08

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) مسلم لیگ ن سرگودھا سٹی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے تین سالہ دور حکومت میں ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا تھالیکن موجودہ حکومت کے مثبت اقدامات سے پاکستا ن ترقی کی راہ پر گامزن ہو گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ماضی کا قصہ بن چکی آنے والا وقت ایک بار پھر مسلم لیگ ن ہوگا ، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے جس کا ثبوت سرگودھا میں کارڈیالوجی سنٹر کا قیام‘ سڑکوں کی تعمیر اور دیگر منصوبوں کی تکمیل ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی قسم کی سیاسی محاذآرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس کی ترقی اور استحکام ہمارا نصب العین ہے جس کےلئے ہم ہر قربانی دیں گے۔ ڈاکٹر لیاقت علی خان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے نے ثابت کردیا ہے کہ وہ کسی ایسی مہم کا حصہ نہیں بنے گی جو ملک و قوم کےخلاف ہو ،آج پاکستان حقیقی معنوں میں ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔