پاک بھارت ٹاکرے پر حالیہ جنگ کا اثر ہوگا صحافی کے سوال پر آغا اور سوریا متفق

پاک بھارت میچ سے متعلق کسی کھلاڑی کو جارحانہ انداز اختیار کرنے کی کوئی خاص ہدایت نہیں، بس گیم پر توجہ رکھیں گے،سلمان آغا

بدھ 10 ستمبر 2025 14:03

پاک بھارت ٹاکرے پر حالیہ جنگ کا اثر ہوگا صحافی کے سوال پر آغا اور سوریا ..
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء) ایشیا کپ 2025 کا آج سے متحدہ عرب امارات میں آغاز ہورہا ہے جہاں افتتاحی میچ ہانگ کانگ اور افغانستان کے درمیان میچ سے ہورہا ہے۔ایشیا کپ 2025 کی ٹرافی کی رونمائی 9 ستمبر منگل کے روز دبئی میں کی گئی، ٹرافی کی رونمائی کی تقریب میں تمام ٹیموں کے کپتانوں نے شرکت کی جبکہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تمام ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالوں کے جواب بھی دیئے، ایشیا کپ پریس کانفرنس میں کپتانوں کی باڈی لینگویج اور مسکراہٹیں میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئیں۔اس موقع پر پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا اور بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادیو سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ ’’کیا موجودہ صورتحال میں پاک بھارت ہائی وولٹیج مقابلے میں کھلاڑی زیادہ جذباتی ہونگے، کیا آپ دونوں کو کوئی ہدایت ملی ہے ''۔

(جاری ہے)

اس سوال کے جواب پر دونوں کپتانوں نے انکار کیا، سلمان علی آغا نے کہا کہ پاک بھارت میچ سے متعلق کسی کھلاڑی کو جارحانہ انداز اختیار کرنے کی کوئی خاص ہدایت نہیں کی گئی، بس اپنی گیم پر توجہ رکھیں گے تاہم ہمارے فاسٹ بولر جارحانہ انداز رکھتے ہیں اور بالرز کو جارحانہ انداز اپنانے سے نہیں روکوں گا۔سوریا کمار یادو نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ میں جوش تو ہوتا ہے لیکن ہم جس بھی میچ میں فیلڈ پر آتے ہیں جارحانہ انداز ہی اپناتے ہیں۔

سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ ہم نے سہ ملکی سیریز میں ایک ٹیم کی طرح اچھا پرفارم کیا ہے اور آگے بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کریں گے، پاکستانی کھلاڑیوں کو دبئی میں کھیلنے کا تجربہ ہے۔پاکستانی کپتان نے مزید کہا کہ سہ ملکی سیریز سے ہمیں ایشیا کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا، ایشیا کپ میں ہر چیلنج کو قبول کرتے ہیں اور کافی پُراعتماد ہیں۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کا ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا جارہا ہے، اس سے قبل 2016 اور 2022 میں بھی یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے تحت کھیلا گیا تھا۔