ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں

فائنل پاکستان کے کوالیفائی کرنے کے لحاظ سے احمد آباد یا کولمبو میں ہوگا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 10 ستمبر 2025 11:41

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026ء کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 ستمبر 2025ء ) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء ممکنہ طور پر 7 فروری سے 8 مارچ تک کھیلا جائے گا جس میں بھارت اور سری لنکا میزبان ہوں گے۔ ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے میچز بھارت کے پانچ اور سری لنکا کے دو مقامات پر ہوں گے، فائنل احمد آباد یا کولمبو میں ہونے کا امکان ہے۔ 
آئی سی سی ابھی بھی شیڈول کو حتمی شچکل دے رہا ہے جبکہ پہلے ہی ونڈو کی نشاندہی کردی گئی ہے اور شریک ممالک کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔

 
ٹورنامنٹ کا فارمیٹ وہی ہوگا جو ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلے گئے 2024ء ٹی 20 ورلڈ کپ میں تھا۔ ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے ٹاپ دو سپر ایٹ مرحلے میں آگے بڑھیں گے، جو پھر چار کے دو گروپس میں تقسیم ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہر سپر ایٹ گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی۔ 

اب تک، 15 ٹیمیں 2026ء کے ٹورنامنٹ میں اپنی جگہیں محفوظ کر چکی ہیں: بھارت، سری لنکا، افغانستان، آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکہ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، ہالینڈ، اور ڈیبیو کرنے والی اٹلی شامل ہیں۔

 
باقی پانچ مقامات علاقائی کوالیفائر کے ذریعے پُر کیے جائیں گے – دو افریقہ سے اور تین ایشیا اور مشرقی ایشیا پیسیفک سے ہوں گے۔