Live Updates

ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کیلئے اہم سنگ میل عبور، پنجاب حکومت نے ائیر لفٹ ڈرون حاصل کرلیا

بدھ 10 ستمبر 2025 15:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پاکستان میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کیلئے اہم سنگ میل عبور، حکومت پنجاب نے سیلاب متاثرین کیلئے ائیر لفٹ ڈرون حاصل کر لیا۔ جدید ڈرون 200 کلوگرام تک وزنی شخص کو اٹھا کر محفوظ مقام تک منتقل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے جدید ائیر لفٹ ڈرون فوری طور پر ملتان بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔

جنوبی پنجاب بھجوانے سے قبل سول ڈیفنس نے لاہور میں دریائے راوی پر ڈرون کی ٹیسٹ فلائیٹس مکمل کیں۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے سول ڈیفنس کیلئے 10 مزید ائیر لفٹ ڈرونز کی خریداری کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پاکستان میں یہ اپنی طرز کی پہلی ایمرجنسی ائیر لفٹ ڈرون سروس ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلئنس کور کو جدید آلات اور تربیت کی مدد سے عالمی معیار کے مطابق استوار کر رہا ہے۔

ڈرون سروس سے ناقابل رسائی اور خطرناک مقامات سے انسانوں کو محفوظ انداز میں ائیرلفٹ کیا جا سکتا ہے۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ سیلاب و ہنگامی صورتحال میں سول ڈیفنس جوان فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ اہلکار و رضاکار نہ صرف قیمتی انسانی جانیں بچا رہے ہیں بلکہ سیلاب متاثرین اور انکے مویشیوں و املاک کی محفوظ مقامات پر منتقلی کیساتھ شیلٹر، خوراک اور ادویات کی فراہمی میں بھی پیش پیش ہیں۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے بتایا کہ سول ڈیفنس ریزیلئنس کور میں شہریوں کی بطور رضاکار رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور رواں ہفتے 4000 سے زائد رضاکار رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔ شہری اپنی صلاحیت کے مطابق خدمات سرانجام دینے کیلئے آن لائن پورٹل VCD.HOME.GOP.PK پر بطور سول ڈیفنس رضاکار رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات