Live Updates

دریائے چناب کے سیلاب متاثرین کےلئے 23 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ

بدھ 10 ستمبر 2025 18:48

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں حکومت پنجاب کی تمام تر توجہ سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ اور ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ کی سرپرستی میں تمام انتظامیہ تحصیل علی پور کے علاقہ سیت پور میں موجود ہے۔ پاک فوج کے جوان بھی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے شانہ بشانہ کام کررہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا ہے کہ زیر آب آنے والی بستی شیخانی سے خواتین، بچوں اور بزرگوں کا بروقت نکال لیا گیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کےلئے ضلع بھر میں کشتیوں کی تعداد بڑھا کر 204 کر دی گئی ہے، اور712 لائف جیکٹ ریسکیو ٹیموں کے پاس موجود ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سیلاب میں پھنسے جانوروں کو بھی ریسکیو کیا جارہا ہے ۔

ریلیف کیمپس میں متاثرین کے لیے قیام و طعام سمیت تمام بنیادی ضروریات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں نے سیلابی پانی میں پھنسے اب تک سینکڑوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے ریلیف کیمپس کا بھی معائنہ کیا اور وہاں متاثرین کے مسائل بھی سنے۔اس موقع پر ڈی پی او سی غضنفر علی شاہ نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی جان و مال کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا گیا ہے۔

ریسکیو آپریشن اور ریلیف آپریشن میں پنجاب پولیس کے 1500 سے زائد اہلکار اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اب تک کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہیڈ پنجند سے اس وقت 5 لاکھ 30 ہزار 152 کیوسک پانی کا ریلہ گزر رہا ہے، جس سے 14 مواضعات زیر آب آچکے ہیں۔ جس سے 1 لاکھ 76 ہزار 266 ایکڑ رقبہ متاثر ہوا ہے اور 1 لاکھ 76 ہزار 92 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

1 لاکھ 43 ہزار 583 افراد کو محفوظ مقامات / ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ دریائے چناب کے سیلاب متاثرین کےلئے 23 فلڈ ریلیف کیمپ قائم کئے گئے ہیں جہاں 13 ہزار 159 متاثرین سیلاب رہائش پزیر ہے جن کے کھانے پینے ، میڈیکل سمیت تمام بنیادی ضروریات فراہم کی جارہی ہیں۔ ضلع بھر میں 9 خیمہ بستیاں قائم کی گئی ہیں جہاں 2950 ٹینٹ لگائے گئے ہیں۔ 11 ہزار سے زائد متاثرین کو روزانہ 3 وقت کا کھانا دیا جارہا ہے ۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات