ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن پروگرام نے پاکستان کی ہیلتھ سروسز اکیڈمی کو پانچ عالمی پبلک ہیلتھ ایجوکیشن سینٹرز آف ایکسیلنس میں شامل کر لیا

بدھ 10 ستمبر 2025 18:50

ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور   سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن  پروگرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ایشیائی ترقیاتی بینک ( اے ڈی بی) اور سنٹرل ایشیا ریجنل اکنامک کوآپریشن ( سی اے آر ای سی ) پروگرام نے ہیلتھ سروسز اکیڈمی ( ایچ ایس اے) اسلام آباد کو پانچ عالمی پبلک ہیلتھ ایجوکیشن سینٹرز آف ایکسیلنس میں شامل کر لیا ہے۔اس باضابطہ اعلان میں ایچ ایس اے کی پبلک ہیلتھ ایجوکیشن میں نمایاں کارکردگی، تحقیق کی صلاحیت اور علاقائی صحت کے اہداف کو آگے بڑھانے کے عزم کو سراہا گیا۔

ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے اس اعزاز کو پاکستان کے صحت اور طبی تعلیم کے پورے نظام کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹر آف ایکسیلنس کا درجہ حاصل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ اب پاکستان 11 سی اے آر ای سی رکن ممالک میں پبلک ہیلتھ ایجوکیشن، تحقیق اور پالیسی کوآرڈینیشن میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

یہ نہ صرف ملک کے اداروں کے عالمی تشخص کو اجاگر کرے گا بلکہ خطے میں ہماری قیادت کو بھی تسلیم کیا گیا ہے۔سینٹر آف ایکسیلنس نیٹ ورک کا مقصد پبلک ہیلتھ ایجوکیشن میں علاقائی تعاون کو فروغ دینا، جدید تربیتی و تحقیقی پروگرام وضع کرنا اور سی اے آر ای سی ممالک میں صحت کے معیارات اور نصاب کو ہم آہنگ کرنا ہے۔ یہ اقدام ابھرتے ہوئے صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اجتماعی صلاحیت میں بھی اضافہ کرے گا۔

پاکستان کا نمایاں ادارہ ہونے کے ناطے ایچ ایس اے اب مشترکہ تحقیق، تربیت اور نالج شیئرنگ سرگرمیوں کی قیادت کرے گا، صحت کے شعبے میں بہترین عملی نمونے اور علاقائی رہنما اصول واضح کرنے میں معاون ہوگا اور ورک فورس کی مہارتوں میں مسلسل بہتری لانے میں کردار ادا کرے گا۔ایچ ایس اے کو مبارکباد دیتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ہیومن اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ سیکٹر آفس کی ڈائریکٹر صوفیہ شکیل نے کہا کہ اس انتخاب سے پاکستان کی خطے میں صحت کے شعبے میں بامعنی کردار ادا کرنے کی صلاحیت پر اعتماد ظاہر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ایچ ایس اے کی فعال شمولیت کے منتظر ہیں تاکہ سی اے آر ای سی کے ہیلتھ ایجنڈے کو آگے بڑھایا جا سکے اور خطے میں مضبوط اور مستحکم صحت کے نظام قائم کیے جا سکیں۔پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے بین الاقوامی تعاون اور فنڈنگ کے نئے مواقع فراہم کرے گی۔ یہ اعزاز صرف ایچ ایس اے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے لیے ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم عالمی پبلک ہیلتھ ایجوکیشن میں قیادت کے لیے تیار ہیں۔سی اے آر ای سی پروگرام کے رکن ممالک میں افغانستان، آذربائیجان، چین، جارجیا، قازقستان، کرغز جمہوریہ، منگولیا، پاکستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔