Live Updates

عمران خان کا پی ٹی آئی سینیٹرز کو سینیٹ کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا حکم

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے بعد علیمہ خان نے سابق وزیراعظم کا پیغام پہنچایا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 ستمبر 2025 17:21

عمران خان کا پی ٹی آئی سینیٹرز کو سینیٹ کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے پیٹرن انچیف عمران خان نے پی ٹی آئی سینیٹرز کو سینیٹ کی کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اہلیہ کے کیس توشہ خانہ ٹو کی سماعت ہوئی، سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ ارجمند نے مزید سماعت جمعہ 12 ستمبر تک ملتوی کردی، آج کی سماعت کے دوران علیمہ خان سمیت عمران خان کی تینوں بہنیں عدالت میں موجود تھیں۔

عدالتی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے سینیٹرز کو سینٹ کی کمیٹیوں سے استعفوں کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کا شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں سے چیک اپ کا مطالبہ کیا ہے کیوں کہ بشریٰ بی بی کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے، 3 دن سے انہیں مسلسل چکر آ رہے ہیں اور کھڑے ہو کر چلنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل کے باہر پیش آئے واقعہ پر صحافی طیب بلوچ سے معذرت کرلی، آج میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی طیب بلوچ نے بیرسٹر گوہر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی تھیں، میں علیمہ آپا کے پاس جا رہا تھا کہ آپ کوئی کمنٹ کر دیں گی تو میری جان خلاصی ہو جائے گی، میں نے اگر علیمہ آپا سے کوئی بدتمیزی کی یا گالیاں دیں تو وہ ریکارڈ ہوتیں۔

جس پر چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے صحافی طیب بلوچ کو گلے لگا لیا اور ان کا ہاتھ پکڑ کر یقین دہانی کرائی کہ آج کے بعد ایسا نہیں ہوگا کیوں کہ تحریک انصاف تشدد پر یقین نہیں رکھتی، سوال جتنا بھی ٹیڑھا ہو اس پر تشدد جیسا واقعہ نہیں ہونا چاہیئے، جو بھی واقعہ ہوا مجھے اُس پر افسوس ہے اور میں معذرت خواہ ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات