Live Updates

سندھ کی عوام اس وقت داد رسی کی منتظرہے،سرائی نیاز حسین

بدھ 10 ستمبر 2025 20:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے کہا ہے کہ سندھ کی عوام اس وقت داد رسی کی منتظرہے، لیکن حکمران صرف اپنی سیاست چمکانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب نے سندھ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تباہی مچائی ہے، درجنوں افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوئے، ہزاروں گھر تباہ ہو گئے جبکہ کھیت کھلیان زیرِ آب آنے سے فصلیں برباد ہوئیں۔

مال مویشیوں کے بہہ جانے سے دیہی علاقوں کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ عوام کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور اور بے یار و مددگار ہیں، لیکن حکومت کی طرف سے تاحال خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جا سکے۔یہ بات انہوں نے مسلم لیگ (ق) کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

وفد کی قیادت محمد احسن نے کی۔ اس موقع پر پارٹی کے قائم مقام جنرل سیکریٹری رمیز منظور روفی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کے حل کے لیے جدوجہد کرنا مسلم لیگ (ق) کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو ہر محاذ پر مایوس کیا ہے، جبکہ ق لیگ عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ عملی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔سرائی نیاز حسین خاصخیلی نے مزید کہا کہ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، صحت و تعلیم کی زبوں حالی اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے، اور یہ مسائل حل نہ ہونے کے باعث لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ مسلم لیگ (ق) عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سیاست کر رہی ہے اور سندھ کے عوام کے مسائل اجاگر کرتی رہے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آ گیا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ان حکمرانوں کا احتساب کریں جو صرف زبانی دعووں تک محدود ہیں اور عملی اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات