چینی سرمایہ کاری وفد کااسلام آباد میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کا دورہ

بدھ 10 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) چینی سرمایہ کاری وفد نے یواویان سٹی بیجنگ چیمبر آف کامرس کے صدر رائے کی قیادت میں اسلام آباد میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر کا دورہ کیا ، جہاں بورڈ کے اعلیٰ حکام نے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔اس موقع پر بی بی او آئی ٹی کے حکام نے وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع، صوبے کے قدرتی وسائل، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور خصوصی سرمایہ کاری مراعات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

چینی سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں موجود قدرتی وسائل، خصوصاً معدنیات کے شعبے کے علاوہ توانائی، زراعت، صنعت اور دیگر تجارتی مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد بلوچستان میں عملی منصوبوں پر سرمایہ کاری کے لیے اقدامات کرے گا۔

(جاری ہے)

وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان نہ صرف پاکستان بلکہ خطے کے لیے بھی سرمایہ کاری کا مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ عالمی سرمایہ کار بلوچستان کے مواقع کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ بلوچستان کو معاشی سرگرمیوں کا نیا مرکز بنایا جاسکے۔