پاکستان میں جلد ای اسپورٹس پالیسی اور متعلقہ ادارے بنائے جائیں گے، رانا مشہود

ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا نیفٹیک پروگرام شروع کیا ہے، ہمارے بچے اور بچیاں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہیں گے، خطاب

بدھ 10 ستمبر 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 ستمبر2025ء)وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان میں ای سپورٹس سے 6 کروڑ بچے اور بچیاں وابستہ ہیں، جلد ای سپورٹس پالیسی اور متعلقہ ادارے بنائے جائیں گے۔وزیراعظم پاکستان یوتھ پروگرام کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی، رپورٹ کا اجرا چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود نے کیا، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے دو لاکھ بچوں کو ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ کی 2 لاکھ بچوں کو تربیت دینی تھی، وزیراعظم کی ہدایت پر اس رضاکارانہ پروگرام میں بچوں کی تعداد 20 لاکھ تک کر دی ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا نیفٹیک پروگرام شروع کیا ہے، ہمارے بچے اور بچیاں کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے پورٹل میں 6 لاکھ بچے اور بچیاں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، پی ایم یوتھ پورٹل پر روزانہ کی بنیاد پر روزگار کے مواقع پتا چلتے ہیں۔رانا مشہود نے کہا کہ سائنس ، آرٹس، سپورٹس سمیت ہر شعبے میں ہم اپنے بچے بچیوں کو مواقع دے رہے ہیں، مجھے فخر ہے پاکستان کی پہلی پنخاب یوتھ پالیسی بھی ہم نے لانچ کی تھی اور پہلی یوتھ پالیسی میں لیپ ٹاپ سمیت طلبا کو اسکالرشپس دیں۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی ٹیم کے ہمراہ کوئٹہ، چترال سمیت پاکستان کے ہر کونے میں گیا، ہم نے دو لاکھ سیمپلز اکٹھے کیے اور بچوں کے مستقبل کے حوالے سے ڈاکومنٹ تیار کیا۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان میں ای اسپورٹس سے 6 کروڑ بچے اور بچیاں وابستہ ہیں ، ہم جلد پاکستان کی ای سپورٹس پالیسی اور متعلقہ ادارے بنانے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یوتھ پروگرام کے تحت ہماری کوشش ہے کہ اولمپکس میں پندرہ ، بیس میڈلز جیت کر آئیں، ہم چاہتے ہیں کہ اولمپکس میں ایک ارشد ندیم نہ ہو بلکہ کئی ارشد ندیم پاکستان کا نام روشن کریں۔رانا مشہود نے کہا کہ اس سال اکتوبر کے آخر میں پہلی نیشنل یوتھ گیمز کرانے جا رہے ہیں، ان گیمز سے سامنے آنے والے ٹیلنٹ کو اولمپکس میں بھیجا جائے گا۔