ضلعی انتظامیہ لاہور کا تھیم پارک میں پانی کی نکاسی کے لیے آپریشن جاری

بدھ 10 ستمبر 2025 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور کا ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی قیادت میں تھیم پارک میں پانی کی نکاسی کے لیے آپریشن جاری ہے۔ ڈی سی لاہور نے انتظامات کا جائزہ لیاجہاں پاکستان آرمی کے افسران، ایم ڈی واسا اور دیگر محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ آپریشن میں 17ڈی واٹرنگ سیٹس، 5ایکسیویٹرز اور 5ڈمپرز شامل کیے گئے ہیں جبکہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شفٹوں میں مسلسل کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی نے تمام دستیاب وسائل کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو جلد از جلد معمولاتِ زندگی پر واپس لانا اولین ترجیح ہے۔ متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کو مزید موثر بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ نکاسی کا عمل جلد مکمل ہو۔ پاکستان آرمی کے تعاون سے ریلیف آپریشنز کی استعداد کار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیا گیا ہے۔ یہ اقدامات لاہور کے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور شہر کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم ہیں۔