ڈونلڈ ٹرمپ کے قدامت پسند ساتھی چارلی کِرک امریکی یونیورسٹی میں فائرنگ سے ہلاک

جمعرات 11 ستمبر 2025 08:30

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) امریکا میں دائیں بازو کے نوجوان کارکن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی چارلی کِرک کو یوٹا ویلی یونیورسٹی میں ایک عوامی تقریب کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’دی ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا کہ عظیم بلکہ افسانوی چارلی کرک اب اس دنیا میں نہیں رہے۔

امریکا میں نوجوانوں کے دل کو کوئی بھی چارلی سے بہتر نہیں سمجھ سکا۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ سب کے محبوب اور قابلِ تعریف تھے، خاص طور پر میرے لیے، اور اب وہ ہمارے درمیان نہیں رہے۔ میلانیا اور میری ہمدردیاں اُن کی خوبصورت اہلیہ ایریکا اور اُن کے خاندان کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

چارلی! ہم آپ سے محبت کرتے ہیں۔اس سے قبل فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد امریکی صدر نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم سب کو چارلی کرک کے لیے دعا کرنی چاہیے جنہیں گولی مار دی گئی ہے۔

وہ ایک بہترین انسان ہیں۔یوٹا ویلی یونیورسٹی پولیس کی ترجمان کرسٹین نیلسن نے تصدیق کی کہ فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے اور شہریوں کو محفوظ مقام پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یونیورسٹی کی جانب سے جاری کردہ الرٹ میں بتایا گیا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔