Live Updates

قصور ،حکومت پنجاب عوام کی خدمت کے لئے پر عزم ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

جمعرات 11 ستمبر 2025 10:20

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے سیلابی صورتحال اور فلڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈی سی آفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اور دیگر ضلعی افسران نے فلڈ ریلیف سرگرمیوں، ریسکیو آپریشنز اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ پوری جانفشانی سے کام کر رہی ہے جہاں متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش، خوراک اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے بھی مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور امدادی سامان کی تقسیم میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسان بھائیوں کے جانوروں کے لیے چارہ اور طبی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے کیونکہ مویشی کسانوں کا معاشی سرمایہ ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے متعلقہ محکموں کو متاثرہ خاندانوں کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کی خدمت کے لئے پر عزم ہے اور سیلاب متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔\378
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات