اسرائیلی حملے کیخلاف قطر سے اظہارِ یکجہتی

شہبازشریف اور اماراتی صدر کی دوحہ آمد، محمد بن سلمان بھی پہنچیں گے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 11 ستمبر 2025 16:21

اسرائیلی حملے کیخلاف قطر سے اظہارِ یکجہتی
دوحہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 ستمبر2025ء ) اسرائیلی حملے کیخلاف قطر سے اظہارِ یکجہتی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کے وزیراعظم شہبازشریف اور اماراتی صدر دوحہ پہنچ چکے ہیں، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی پہنچیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطری دارالحکومت پہنچے تو دوحہ ایئرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے دفاع شیخ سعود بن عبد الرحمان بن حسن آل ثانی نے ان کا استقبال کیا، وزیراعظم کے ہمراہ پاکستانی وفد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ دورہ قطر کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قطری امیر شیخ تمیم بن حماد آل ثانی سے ملاقات ہوگی جس میں وہ دوحہ پر اسرائیلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزیوں کے تناظر میں اظہارِ یکجہتی کریں گے، ملاقات میں خطے میں قیامِ امن اور اسرائیل کی جانب سے مسلسل جارحیت پر بھی مشاورت ہوگی، وزیراعظم قطری قیادت سے ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور دیتا رہے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان بھی قطر پہنچ چکے ہیں، اس کے علاوہ سعودی فرمانروا محمد بن سلمان کی بھی قطر آمد متوقع ہے، یہ رہنما اسرائیلی حملے کی مذمت اور قطری قیادت سے یکجہتی کے لیے دوحہ پہنچ رہے ہیں جب کہ دوحہ اتوار اور پیر کو ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا، قطر کی طرف سے دوحہ میں حماس کے رہنماؤں پر اسرائیل کے حملے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے یہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بلایا گیا ہے، اس حوالے سے یہ سربراہی اجلاس اتوار اور پیر کو قطری دارالحکومت میں ہوگا۔