سیرتِ طیبہ پرعمل پیراء ہو کر دو جہانوں کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے، امیرِ تنظیمِ اسلامی شجاع الدین شیخ

جمعرات 11 ستمبر 2025 14:53

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) امیرِ تنظیمِ اسلامی پاکستان شجاع الدین شیخ کی سرگودھا آمد سیرت النبی ؐ کانفرنس میں شرکت کی تکمیل حفظ قرآن پر طلباء کی دستار بندی کی۔ اس موقع پر سیرت النبی ؐ کانفرنس کےشرکاء سےخطاب کرتےہوئےاُنکا کہنا تھا کہ نبی کریم ؐ کی ذات مبارکہ ہمارے لیے بہترین نمونہ حیات ہے، آپ ؐ کی سیرتِ طیبہ پرعمل پیرا ہو کر دو جہانوں کی فلاح حاصل کی جا سکتی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ دُنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم کے حصول سے بہترین اسلامی معاشرے کی تکمیل ممکن ہے۔ والدین اپنے بچوں کو قرآنی تعلیم اور حفظ قرآن کی طرف متوجہ کریں، آج کے بچے ہمارا کل ہیں اور ہمیں ان بچوں کے مستقبل کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کے لیے ناظرہ ، تجوید اور تفسیر کے کورسز مکمل کروانے چائیں۔

(جاری ہے)

امیرِ تنظیمِ اسلامی پاکستان شجاع الدین شیخ نے کہا کہ علم فاؤنڈیشن نے قرآنی تعلیمات کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے جس میں ملک بھر کے اندرمطالعہ قرآن کریم کو لازمی قرار دیا جانا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ تنظیمِ اسلامی پاکستان قرآنِ پاک کے احکامات کی بجاء آوری اور کلامِ الہی کے مطابق قوانین کے نفاذ پرعمل درآمد پر یقین رکھتی ہے احکامات خداوندی پرعمل پیراء ہو کر ہی دین و دُنیا میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔