پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں یومیہ 9ہزار مریض معائنے کے لئے آتے ہیں، مریضو ں کو ہر شعبہ میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، پمز ذرائع

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر 9ہزار مریض معائنے کے لئے آتے ہیں جن میں سے 7 ہزار او پی ڈی جبکہ تقریباً 2 ہزار پمز کی تمام ایمرجنسیز کے مریض شامل ہیں۔ پمز ذرائع کے مطابق 1257 بیڈز پر مشتمل یہ ہسپتال سرجیکل اور میڈیکل کی تمام سہولیات فراہم کرتاہے ۔

یہاں ملک بھر سے لوگوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بچوں کے لئے خصوصی ہسپتال ، کارڈیک سینٹر، زچہ بچہ سینٹر ، برن سینٹر سمیت دیگر شعبے صحت کی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ عوام کو تمام تر سہولیات بہترین طریقے سے فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہسپتا ل کے لئے ایک منصوبہ جائیکا کے تعاون سے مکمل کیا جہاں بچوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شام کے وقت بھی او پی ڈی شروع کی گئی ہے تاکہ صبح کے اوقات میں رش کو کم کیا جاسکے۔ موجودہ حکومت کا صحت کے مسائل حل کرنے کے حوالےسے بہت زیادہ فوکس ہے۔ وفاقی وزیر سید مصطفیٰ کمال کی ہدایت پر علاج معالجے کی سہولیات کو ہر ممکن بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،بالخصوص سٹاف کی موجودگی کو بھی یقینی بنایاجارہاہے، اس حوالے سے بائیو میٹرک سسٹم شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں ہیلپ لائن کا آغازکیاگیا ہے تاکہ لوگ کے مسائل اور مشکلات کو جلد از جلد حل کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایک ہیلپ ڈیسک بھی بنایاگیا ہے جو دور دراز سے آنے والے مریضوں کو تمام تر معلومات فراہم کرتا ہے۔ پمز ہسپتال میں اس وقت 3 سی ٹی سکین مشینیں ہیں جو کام کررہی ہیں۔ ایک ایم آر آئی مشین کام کررہی ہے، دوسری ایم آر آئی مشین جاپان کی جانب سے تحفہ دیا گیا ہے، وہ بھی بہت جلد آ جائے گی۔

ایکسرے ، الٹراسائونڈ ، سی ٹی سکین ، ایم آر آئی سب مشینیں کام کررہی ہیں۔ گائنی کے شعبہ میں روزانہ 50 نئے کیسز رجسٹرڈ کئے جاتے ہیں جبکہ برن سینٹر اور پلاسٹک سرجری کے شعبے کو اکٹھا کردیا گیا ہے۔ اس وقت برن سینٹر میں 2 آپریشن تھیٹر کام کررہے ہیں اور برن سینٹر کی توسیع جلد شروع کی جارہی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ مریضو ں کو ہر شعبہ میں صحت کی بہترین سہولیات فراہم کر سکیں۔\395