قائداعظم برصغیر کے عظیم رہنماء ،پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے،چوہدری انوارالحق

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)آزادجموں وکشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ حضرت قائداعظم محمد علی جناح برصغیر کے عظیم رہنماء تھے جن کی پوری زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔ بانی پاکستان کی 77 ویں برسی پر اپنے خصوصی بیان میں وزیراعظم نے قائد اعظم محمد علی جناح علیہ الرحمہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حضرت قائد اعظم علیہ الرحمہ نے دن رات ایک کر کے مسلمانان برصغیر کیلئے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔حضرت قائد اعظم محمد علی جناح برصغیر کے عظیم رہنماء تھے جنہوں نے ہندوؤں اور انگریزوں کی تمام سازشوں کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور اپنے عظیم مقصد سے پیچھے نہیں ہٹے۔ پاکستان کا قیام حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد کا عملی نمونہ ہے،حضرت قائد اعظم نے مسلمانان بر صغیر کو مسلم لیگ کے جھنڈے تلے جمع کیا،انہیں سیاسی طور پر منظم کیا اور ایک آئینی جدوجہد کے ذریعے مسلمانوں کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کیلئے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ حضرت قائد اعظم کی محبت دیدنی تھی وہ جموں و کشمیر کے اکابرین کی سیاسی و فکری تربیت فرماتے اسی مقصد کیلئے حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دو مرتبہ سرینگر کا دورہ کیا،ان کی دور اندیش نگاہوں نے سرینگر سے جناب کے ایچ خورشید کا انتخاب کیا جو بطور پرائیویٹ سیکرٹری قائد کے ساتھ کام کرتے رہے اور قیام پاکستان کی جدوجہد میں ان کی دست راست رہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت قائد اعظم محمد علی جناح نے فرمایا کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ حضرت قائد اعظم کا قول کام،کام اور کام کو دل میں اتار لیں کیونکہ مضبوط و مستحکم پاکستان ہی تحریک آزادی جموں و کشمیر کی علامت ہے۔اللہ پاک حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کے درجات بلند فرمائے، آمین۔