چوہدری انوارالحق آگے بڑھ کر عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی ٹیبل پر آنے کی دعوت دیں ، خواجہ فاروق احمد

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آگے بڑھ کر عوامی ایکشن کمیٹی کو مذاکرات کی ٹیبل پر آنے کی دعوت دیں ، اپنے ساتھ تمام سٹیک ہولڈرز /سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو بھی بٹھائیں اور ایکشن کمیٹی کے جملہ مطالبات پر ون آن ون مذاکرات کریں ، جو عوامی نوعیت کے ہیں اور با آسانی عملدرآمد ہو سکتا ہے ،ان پر عملدرآمد کرنے کا اعلان کریں، اور جو سیاسی نوعیت کے ہیں ان پر بات چیت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے اکابرین سے مشاورت کر نے کے بعد پالیسی کریں، خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ آزادکشمیر ایک پرامن خطہ ہے ہم یہاں پر کسی بھی طرف سے پرامن ماحول کو خراب کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے ، ایل او سی کے اس پار ہمارا ازلی دشمن بھارت ہماری کسی بھی غلطی کا فائدہ اٹھا کر ہمیں خدانخواستہ نقصان پہنچانے کی کوشش کر سکتا ہے ، اس لیے عوامی ایکشن کمیٹی کو بھی چاہیے کہ وہ وزیراعظم کی جانب سے اگر مذاکرات کی دعوت ملے تو اسے قبول کرتے ہوئے ڈائیلاگ کی ٹیبل پر آئیں تاکہ 29 ستمبر کی تاریخ سے بہت پہلے ہم آزادکشمیر میں دوبارہ امن و امان کی فضاء قائم /برقرار رکھنے میں سرخروہو سکیں، کسی بھی فریق کو غیر ذمہ داری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے، تاکہ بھارت کو پروپیگنڈا کا موقع نہ ملے ہم سب ذمہ دار لوگ ہیں اور پوری ذمہ داری ، سنجیدگی کے ساتھ افراتفری کے ماحول کو پروان چڑھانے کے بجائے مذاکرات کی ٹیبل پر آنا چاہیے، تحریک انصاف آزادکشمیر اس حوالے سے دوبارہ میزبانی کی پیش کش کرتی ہے۔