صدرٹرمپ کے ساتھی چارلی کرک قاتلانہ حملے میں ہلاک

جمعرات 11 ستمبر 2025 22:38

یوٹاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء)امریکی ریاست یوٹاہ میں فائرنگ سے صدر ٹرمپ کے ساتھی اور قدامت پسند تجزیہ کار چارلی کرک قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔صدر ٹرمپ نے چارلی کرک کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، ان کی سرجری کی گئی مگر کامیاب نہ ہوسکی، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چارلی کرک ایک شاندار شخصیت تھے۔ چارلی کرک یونیورسٹی تقریب میں خطاب کے دوران فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے تھے، ان کی گردن میں گولی لگی تھی۔

فائرنگ کے بعد ایک مشتبہ شخص کو مجمع میں سے حراست میں لے لیا گیا ہے، تاہم امریکی میڈیا کے مطابق اس کا حملے سے تعلق نہیں ہے۔روسی میڈیا نے عینی شاہدین کے حوالے سے کہا ہے کہ کرک کو اس وقت گولی ماری گئی جب وہ ٹرانس جینڈر افراد سے متعلق تقریر کررہے تھے۔

(جاری ہے)

کرک یوکرینی حکومت کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں اور یوکرین کو فوجی امداد کے مخالف تھے۔

وہ روس سے سفارتی تعلقات کی بحالی کی بھی وکالت کرتے رہیہیں اور صدر ٹرمپ کی امریکا فرسٹ پالیسی کے سپورٹر تھے۔ ادھرامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ساتھی اور قدامت پسند تجزیہ کار چارلی کرک کی موت امریکا کے لیے سیاہ لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حق و سچائی کی راہ میں اپنی جان قربان کی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے چارلی کرک کے قتل کو گھناؤنا قرار دیتے ہوئے کہا، ’آج، اس گھناؤنے فعل کی وجہ سے، چارلی کرک کی آواز پہلے سے زیادہ بڑی اور عظیم تر ہو گئی ہے۔

‘ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر پوسٹ میں ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا، ’برسوں سے، بنیاد پرست بائیں بازو والوں نے چارلی جیسے شاندار امریکیوں کا موازنہ نازیوں اور دنیا کے بدترین اجتماعی قاتلوں اور مجرموں سے کیا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا، ’گزشتہ برس پنسلوانیا میں مجھ پر ہونے والے حملے سے لے کر امیگریشن ایجنٹوں پر ہونے والے حملوں، نیویارک کی گلیوں میں ہیلتھ کیئر ایگزیکٹو کے بہیمانہ قتل، ہاؤس میجرٹی لیڈر سٹیو سکیلیس اور دیگر تین افراد کو گولی مارنے تک سب کے ذمہ دار بنیاد پرست بائیں بازو ہے۔

ان کے سیاسی بیانات نے بہت سے معصوم لوگوں کو نقصان پہنچایا اور بہت سے لوگوں کی جانیں لے لیں۔‘امریکی صدر نے بنیاد پرست بائیں بازو کی بیان بازی پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا، ’بنیاد پرست بائیں بازو کی بیان بازی امریکا میں دہشت گردی کے لیے براہ راست ذمہ دار ہے اسے فوری بند ہونا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ میری انتظامیہ ہر ایک کے خلاف کارروائی کرے گی جس نے یہ ظلم کیا اور اس میں تعاون کیا، بشمول وہ تنظیمیں جو انہیں فنڈز فراہم کرتی ہیں اور ان کی حمایت کرتی ہیں۔